بصیرت اخبار

۱۷۵ مطلب با کلمه‌ی کلیدی «امام علیؑ» ثبت شده است

لَمَّا عُوْتِبَ عَلَى التَّسْوِیَةِ فِی الْعَطَآءِ:

جب مال کی تقسیم میں آپؑ کے برابری و مساوات کا اصول برتنے پر کچھ لوگ بگڑ اٹھے تو آپؑ نے ارشاد فرمایا:

اَتَاْمُرُوْنِّیْۤ اَنْ اَطْلُبَ النَّصْرَ بِالْجَوْرِ فِیْمَنْ وُّلِّیْتُ عَلَیْهِ! وَاللهِ! لَاۤ اَطُوْرُ بِهٖ مَا سَمَرَ سَمِیْرٌ، وَ مَاۤ اَمَّ نَجْمٌ فِی السَّمَآءِ نَجْمًا! لَوْ کَانَ الْمَالُ لِیْ لَسَوَّیْتُ بَیْنَهُمْ، فَکَیْفَ وَ اِنَّمَا الْمَالُ مَالُ اللهِ.

کیا تم مجھ پر یہ امر عائد کرنا چاہتے ہو کہ میں جن لوگوں کا حاکم ہوں ان پر ظلم و زیادتی کر کے (کچھ لوگوں کی) امداد حاصل کروں تو خدا کی قسم! جب تک دنیا کا قصہ چلتا رہے گا اور کچھ ستارے دوسرے ستاروں کی طرف جھکتے رہیں گے، میں اس چیز کے قریب بھی نہیں پھٹکوں گا۔ اگر یہ خود میرا مال ہوتا جب بھی میں اسے سب میں برابر تقسیم کرتا، چہ جائیکہ یہ مال اللہ کا مال ہے۔

اَلَا وَ اِنَّ اِعْطَآءَ الْمَالِ فِیْ غَیْرِ حَقِّهٖ تَبْذِیْرٌ وَّ اِسْرَافٌ، وَ هُوَ یَرْفَعُ صَاحِبَهٗ فِی الدُّنْیَا وَ یَضَعُهٗ فِی الْاٰخِرَةِ، وَ یُکْرِمُهٗ فِی النَّاسِ وَ یُهِیْنُهٗ عِنْدَ اللهِ، وَ لَمْ یَضَعِ امْرُؤٌ مَالَهٗ فِیْ غَیْرِ حَقِّهٖ وَ لَا عِنْدَ غَیْرِ اَهْلِهٖ اِلَّا حَرَمَهُ اللهُ شُکْرَهُمْ وَ کَانَ لِغَیْرِهٖ وُّدُّهُمْ، فَاِنْ زَلَّتْ بِهِ النَّعْلُ یَوْمًا فَاحْتَاجَ اِلٰی مَعُوْنَتِهِمْ فَشَرُّ خَدِیْنٍ وَّ اَلْاَمُ خَلِیْلٍ!.

دیکھو بغیر کسی حق کے داد و دہش کرنا بے اعتدالی اور فضول خرچی ہے اور یہ اپنے مرتکب کو دنیا میں بلند کر دیتی ہے، لیکن آخرت میں پست کرتی ہے اور لوگوں کے اندر عزت میں اضافہ کرتی، مگر اللہ کے نزدیک ذلیل کرتی ہے۔ جو شخص بھی مال کو بغیر استحقاق کے یا نااہل افراد کو دے گا اللہ اسے ان کے شکریہ سے محروم ہی رکھے گا اور ان کی دوستی و محبت بھی دوسروں ہی کے حصہ میں جائے گی اور اگر کسی دن اس کے پیر پھسل جائیں (یعنی فقر و تنگدستی اسے گھیر لے) اور ان کی امداد کا محتاج ہو جائے تو وہ اس کیلئے بہت ہی بُرے ساتھی اور کمینے دوست ثابت ہوں گے۔


balagha.org

۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 31 January 23 ، 18:44
عون نقوی

فِى التَّحْکِیْمِ

تحکیم کے بارے میں فرمایا

اِنَّا لَمْ نُحَکِّمِ الرِّجَالَ، وَ اِنَّمَا حَکَّمْنَا الْقُرْاٰنَ. وَ هٰذَا الْقُرْاٰنُ اِنَّمَا هُوَ خَطٌّ مَّسْتُوْرٌۢ بَیْنَ الدَّفَّتَیْنِ، لَا یَنْطِقُ بِلِسَانٍ، وَ لَا بُدَّ لَهٗ مِنْ تَرْجُمَانٍ، وَ اِنَّمَا یَنْطِقُ عَنْهُ الرِّجَالُ.

ہم نے آدمیوں کو نہیں بلکہ قرآن کو حکم قرار دیا تھا۔ چونکہ یہ قرآن دو دفتیوں کے درمیان ایک لکھی ہوئی کتاب ہے کہ جو زبان سے بولا نہیں کرتی۔ اس لئے ضرورت تھی کہ اس کیلئے کوئی ترجمان ہو اور وہ آدمی ہی ہوتے ہیں جو اس کی ترجمانی کیا کرتے ہیں۔

وَ لَمَّا دَعَانَا الْقَوْمُ اِلٰی اَنْ نُّحَکِّمَ بَیْنَنَا الْقُرْاٰنَ لَمْ نَکُنِ الْفَرِیْقَ الْمُتَوَلِّیَ عَنْ کِتَابِ اللهِ تَعَالٰی، وَ قَدْ قَالَ اللهُ سُبْحَانَهٗ: ﴿فَاِنْ تَنَازَعْتُمْ فِیْ شَیْءٍ فَرُدُّوْهُ اِلَی اللّٰهِ وَ الرَّسُوْلِ﴾، فَرَدُّهٗۤ اِلَی اللهِ اَنْ نَّحْکُمَ بِکِتَابِهٖ، وَ رَدُّهٗۤ اِلَی الرَّسُوْلِ اَنْ نَّاْخُذَ بِسُنَّتِهٖ، فَاِذَا حُکِمَ بِالصِّدْقِ فِیْ کِتَابِ اللهِ فَنَحْنُ اَحَقُّ النَّاسِ بِهٖ، وَ اِنْ حُکِمَ بِسُنَّةِ رَسُوْلِ اللّٰهِ ﷺ فَنَحْنُ اَوْلَاهُمْ بِهٖ.

جب ان لوگوں نے ہمیں یہ پیغام دیا کہ ہم اپنے درمیان قرآن کو حَکم ٹھہرائیں تو ہم ایسے لوگ نہ تھے کہ اللہ کی کتاب سے منہ پھیر لیتے، جبکہ حق سبحانہ کا ارشاد ہے کہ: ’’اگر تم کسی بات میں جھگڑا کرو تو (اس کا فیصلہ نپٹانے کیلئے) اللہ اور رسولؐ کی طرف رجوع کرو‘‘۔ اللہ کی طرف رجوع کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اس کی کتاب کے مطابق حکم کریں اور رسول ﷺ کی طرف رجوع کرنے کے معنی یہ ہیں کہ ہم ان کی سنت پر چلیں۔ چنانچہ اگر کتاب خدا سے سچائی کے ساتھ حکم لگایا جائے تو اس کی رُو سے سب لوگوں سے زیادہ ہم (خلافت کے ) حقدار ہوں گے اور اگر سنت ِرسولؐ کے مطابق حکم لگایا جائے تو بھی ہم ان سے زیادہ اس کے اہل ثابت ہوں گے۔

وَ اَمَّا قَوْلُکُمْ: لِمَ جَعَلْتَ بَیْنَکَ وَ بَیْنَهُمْ اَجَلًا فِی التَّحْکِیْمِ؟ فَاِنَّمَا فَعَلْتُ ذٰلِکَ لِیَتَبَیَّنَ الْجَاهِلُ وَ یَتَثَبَّتَ الْعَالِمُ، وَ لَعَلَّ اللهَ اَنْ یُّصْلِحَ فِیْ هٰذِهِ الْهُدْنَةِ اَمْرَ هٰذِهِ الْاُمَّةِ، وَ لَا تُؤْخَذَ بِاَکْظَامِهَا فَتَعْجَلَ عَنْ تَبَیُّنِ الْحَقِّ وَ تَنْقَادَ لِاَوَّلِ الْغَیِّ.

اب رہا تمہارا یہ قول کہ: ’’آپؑ نے تحکیم کیلئے اپنے اور ان کے درمیان مہلت کیوں رکھی؟‘‘، تو یہ میں نے اس لئے کیا کہ (اس عرصہ میں) نہ جاننے والا تحقیق کر لے اور جاننے والا اپنے مسلک پر جم جائے اور شاید کہ اللہ تعالیٰ اس صلح کی وجہ سے اس اُمت کے حالات درست کر دے اور وہ (بے خبری میں) گلا گھونٹ کر تیار نہ کی جائے کہ حق کے واضح ہونے سے پہلے جلدی میں کوئی قدم اٹھا بیٹھے اور پہلی ہی گمراہی کے پیچھے لگ جائے۔

اِنَّ اَفْضَلَ النَّاسِ عِنْدَ اللهِ مَنْ کَانَ الْعَمَلُ بِالْحَقِّ اَحَبَّ اِلَیْهِ ـ وَ اِنْ نَّقَصَهٗ وَ کَرَثَهٗ ـ مِنَ الْبَاطِلِ وَ اِنْ جَرَّ اِلَیْهِ فَآئِدَةً وَّ زَادَهٗ، فَاَیْنَ یُتَاهُ بِکُمْ! وَ مِنْ اَیْنَ اُتِیْتُمْ! اِسْتَعِدُّوْا لِلْمَسِیْرِ اِلٰی قَوْمٍ حَیَارٰی عَنِ الْحَقِّ لَا یُبْصِرُوْنَهٗ وَ مُوْزَعِیْنَ بِالْجَوْرِ لَا یَعْدِلُوْنَ بِهٖ، جُفَاةٍ عَنِ الْکِتَابِ، نُکُبٍ عَنِ الطَّرِیْقِ.

بلا شبہ اللہ کے نزدیک سب سے بہتر وہ شخص ہے کہ جو حق پر عمل پیرا رہے، چاہے وہ اس کیلئے باعث نقصان و مضرت ہو اور باطل کی طرف رخ نہ کرے، چاہے وہ اس کے کچھ فائدہ کا باعث ہو رہا ہو۔ تمہیں تو بھٹکایا جا رہا ہے۔ آخر تم کہاں سے (شیطان کی راہ پر) لائے گئے ہو۔ تم اس قوم کی طرف بڑھنے کیلئے مستعد و آمادہ ہو جاؤ کہ جو حق سے منہ موڑ کر بھٹک رہی ہے کہ اسے دیکھتی ہی نہیں اور وہ بے راہ رویوں میں بہکا دیئے گئے ہیں کہ ان سے ہٹ کر سیدھی راہ پر آنا نہیں چاہتے۔ یہ لوگ کتاب خدا سے الگ رہنے والے اور صحیح راستے سے ہٹ جانے والے ہیں۔

ماۤ اَنْتُمْ بِوَثِیْقَةٍ یُعْلَقُ بِهَا، وَ لَا زَوَافِرِ عِزٍّ یُّعْتَصَمُ اِلَیْهَا. لَبِئْسَ حُشَّاشُ نَارِ الْحَرْبِ اَنْتُمْ! اُفٍّ لَّکُمْ! لَقَدْ لَقِیْتُ مِنْکُمْ بَرْحًا، یَوْمًا اُنَادِیْکُمْ وَ یَوْمًا اُنَاجِیْکُمْ، فَلَاۤ اَحْرَارُ صِدْقٍ عِنْدَ النِّدَآءِ، وَ لَاۤ اِخْوَانُ ثِقَةٍ عِنْدَ النَّجَآءِ!.

لیکن تم تو کوئی مضبوط وسیلہ ہی نہیں ہو کہ تم پر بھروسا کیا جائے اور نہ عزت کے سہارے ہو کہ تم سے وابستہ ہوا جائے۔ تم (دشمن کیلئے) جنگ کی آگ بھڑکانے کے اہل نہیں ہو۔ تم پر افسوس ہے کہ مجھے تم سے کتنی تکلیفیں اٹھانا پڑی ہیں۔ میں کسی دن تمہیں (دین کی امداد کیلئے) پکارتا ہوں اور کسی دن تم سے (جنگ کی) راز دارانہ باتیں کرتا ہوں، مگر تم نہ پکارنے کے وقت سچے جواں مرد اور نہ راز کی باتوں کیلئے قابل اعتماد بھائی ثابت ہوتے ہو۔


balagha.org

۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 31 January 23 ، 18:41
عون نقوی

فِیْ حَثِّ اَصْحَابِهٖ عَلَى الْقِتَالِ

اپنے اصحاب کو جنگ پر آمادہ کرنے کیلئے فرمایا

فَقَدِّمُوا الدَّارِعَ، وَ اَخِّرُوا الْحَاسِرَ، وَ عَضُّوْا عَلَی الْاَضْرَاسِ، فَاِنَّهٗۤ اَنْۢبٰی لِلسُّیُوْفِ عَنِ الْهَامِ، وَ الْتَوُوْا فِیْۤ اَطْرَافِ الرِّمَاحِ، فَاِنَّهٗۤ اَمْوَرُ لِلْاَسِنَّةِ، وَ غُضُّوا الْاَبْصَارَ، فَاِنَّهٗۤ اَرْبَطُ لِلْجَاْشِ وَ اَسْکَنُ لِلْقُلُوْبِ، وَ اَمِیْتُوا الْاَصْوَاتَ فَاِنَّهٗۤ اَطْرَدُ لِلْفَشَلِ.

زرہ پوش کو آگے رکھو اور بے زرہ کو پیچھے کر دو اور دانتوں کو بھینچ لو کہ اس سے تلواریں سروں سے اُچٹ جاتی ہیں اور نیزوں کی اَنیوں کو پہلو بدل کر خالی دیا کرو کہ اس سے اُن کے رخ پلٹ جاتے ہیں۔ آنکھیں جھکائے رکھو کہ اس سے حوصلہ مضبوط رہتا ہے اور دل ٹھہرے رہتے ہیں اور آوازوں کو بلند نہ کرو کہ اس سے بزدلی دور رہتی ہے۔

وَ رَایَتَکُمْ فَلَا تُمِیْلُوْهَا وَ لَا تُخِلُّوْهَا، وَ لَا تَجْعَلُوْهَاۤ اِلَّا بِاَیْدِیْ شُجْعَانِکُمْ، وَ الْمَانِعِیْنَ الذِّمَارَ مِنْکُمْ، فَاِنَّ الصَّابِرِیْنَ عَلٰی نُزُوْلِ الْحَقَآئِقِ هُمُ الَّذِیْنَ یَحُفُّوْنَ بِرَایَاتِهِمْ، وَ یَکْتَنِفُوْنَهَا: حِفَافَیْهَا، وَ وَرَآءَهَا، وَ اَمَامَهَا، لَا یَتَاَخَّرُوْنَ عَنْهَا فَیُسْلِمُوْهَا، وَ لَا یَتَقَدَّمُوْنَ عَلَیْهَا فَیُفْرِدُوْهَا. اَجْزَاَ امْرُؤٌ قِرْنَهٗ، وَ اٰسٰۤی اَخَاهُ بِنَفْسِهٖ، وَ لَمْ یَکِلْ قِرْنَهٗۤ اِلٰۤی اَخِیْهِ فَیَجْتَمِـعَ عَلَیْهِ قِرْنُهٗ وَ قِرْنُ اَخِیْهِ.

اور اپنا جھنڈا سرنگوں نہ ہونے دو اور نہ اسے اکیلا چھوڑو۔ اسے اپنے جواں مردوں اور عزت کے پاسبانوں کے ہاتھوں ہی میں رکھو، چونکہ مصیبتوں کے ٹوٹ پڑنے پر وہی لوگ صبر کرتے ہیں جو اپنے جھنڈوں کے گرد گھیرا ڈال کر دائیں بائیں اور آگے پیچھے سے اس کا احاطہ کر لیتے ہیں۔ وہ پیچھے نہیں ہٹتے کہ اسے (دشمنوں کے ہاتھوں میں) سونپ دیں اور نہ آگے بڑھ جاتے ہیں کہ اسے اکیلا چھوڑ دیں۔ ہر شخص اپنے مدمقابل سے خود نپٹے اور دل و جان سے اپنے بھائی کی بھی مدد کرے اور اپنے حریف کو کسی اور بھائی کے حوالے نہ کرے کہ یہ اور اس کا حریف ایکا کر کے اس پر ٹوٹ پڑیں۔

وَایْمُ اللهِ! لَئِنْ فَرَرْتُمْ مِنْ سَیْفِ الْعَاجِلَةِ، لَا تَسْلَمُوْا مِنْ سَیْفِ الْاٰخِرَةِ، وَ اَنْتُمْ لَهَامِیْمُ الْعَرَبِ، وَ السَّنَامُ الْاَعْظَمُ، اِنَّ فِی الْفِرَارِ مَوْجِدَةَ اللهِ، وَ الذُّلَّ اللَّازِمَ، وَ الْعَارَ الْبَاقِیَ، وَ اِنَّ الْفَارَّ لَغَیْرُ مَزِیْدٍ فِیْ عُمُرِهٖ، وَ لَا مَحْجُوْزٍۭ بَیْنَهٗ وَ بَیْنَ یَوْمِهٖ.

خدا کی قسم! تم اگر دنیا کی تلوار سے بھاگے تو آخرت کی تلوار سے نہیں بچ سکتے۔ تم تو عرب کے جواں مرد اور سر بلند لوگ ہو۔ (یاد رکھو کہ) بھاگنے میں اللہ کا غضب اور نہ مٹنے والی رسوائی اور ہمیشہ کیلئے ننگ و عار ہے۔ بھاگنے والا اپنی عمر بڑھا نہیں لیتا اور نہ اس میں اور اس کی موت کے دن میں کوئی چیز حائل ہو جاتی ہے۔

اَلرَّآئِحُ اِلَی اللهِ کَالظَّمَاٰنِ یَرِدُ الْمَآءَ. اَلْجَنَّةُ تَحْتَ اَطْرَافِ الْعَوَالِیْ! اَلْیَوْمَ تُبْلَی الْاَخْبَارُ! وَاللهِ! لَاَنَا اَشْوَقُ اِلٰی لِقَآئِهِمْ مِنْهُمْ اِلٰی دِیَارِهِمْ.

اللہ کی طرف جانے والا تو ایسا ہے جیسے کوئی پیاسا پانی تک پہنچ جائے۔ جنت نیزوں کی انیوں کے نیچے ہے۔ آج حالات پرکھ لئے جائیں گے۔ خدا کی قسم! میں ان دشمنوں سے دو بدو ہو کر لڑنے کا اس سے زیادہ مشتاق ہوں جتنا یہ اپنے گھروں کو پلٹنے کے مشتاق ہوں گے۔

اَللّٰهُمَّ فَاِنْ رَّدُّوا الْحَقَّ فَافْضُضْ جَمَاعَتَهُمْ، وَ شَتِّتْ کَلِمَتَهُمْ، وَ اَبْسِلْهُمْ بِخَطَایَاهُمْ. اِنَّهُمْ لَنْ یَّزُوْلُوْا عَنْ مَّوَاقِفِهِمْ دُوْنَ طَعْنٍ دِرَاکٍ یَّخْرُجُ مِنْهُ النَّسِیْمُ، وَ ضَرْبٍ یَّفْلِقُ الْهَامَ، وَ یُطِیْحُ الْعِظَامَ، وَ یُنْدِرُ السَّوَاعِدَ وَ الْاَقْدَامَ، وَ حَتّٰی یُرْمَوْا بِالْمَنَاسِرِ تَتْبَعُهَا الْمَنَاسِرُ، وَ یُرْجَمُوْا بِالْکَتَآئِبِ تَقْفُوْهَا الْحَلَآئِبُ، وَ حَتّٰی یُجَرَّ بِبِلَادِهِمُ الْخَمِیْسُ یَتْلُوْهُ الْخَمِیْسُ، وَ حَتّٰی تَدْعَقَ الْخُیُوْلُ فِیْ نَوَاحِرِ اَرْضِهِمْ، وَ بِاَعْنَانِ مَسَارِبِهِمْ وَ مَسَارِحِهِمْ.

خداوندا! اگر یہ حق کو ٹھکرا دیں تو ان کے جتھے کو توڑ دے اور انہیں ایک آواز پر جمع نہ ہونے دے اور ان کے گناہوں کی پاداش میں انہیں تباہ و برباد کر۔ یہ اپنے مؤقف (شر و فساد) سے اس وقت تک ہٹنے والے نہیں جب تک تابڑ توڑ نیزوں کے ایسے وار نہ ہوں کہ (جس سے زخموں کے منہ اس طرح کھل جائیں کہ) ہوا کے جھونکے گزر سکیں اور تلواروں کی ایسی چوٹیں نہ پڑیں کہ جو سروں کو شگافتہ کر دیں اور ہڈیوں کے پرخچے اڑا دیں اور بازوؤں اور قدموں کو توڑ کر پھینک دیں اور پے درپے لشکروں کا نشانہ نہ بنائے جائیں اور ایسی فوجیں ان پر ٹوٹ نہ پڑیں کہ جن کے پیچھے (کمک کیلئے) اور شہسواروں کے دستے ہوں اور جب تک کہ ان کے شہروں پر یکے بعد دیگرے فوجوں کی چڑھائی نہ ہو، یہاں تک کہ گھوڑے ان کی زمینوں کو آخر تک روند ڈالیں اور ان کے سبزہ زاروں اور چراگاہوں کو پامال کر دیں۔


balagha.org

۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 31 January 23 ، 18:39
عون نقوی

قَالَهٗ لِاَصْحَابِهٖ فِیْ سَاحَةِ الْحَرْبِ

جنگ کے میدان میں اپنے اصحاب سے فرمایا

وَ اَیُّ امْرِئٍ مِّنْکُمْ اَحَسَّ مِنْ نَّفْسِهٖ رِبَاطَةَ جَاْشٍ عِنْدَ اللِّقَآءِ، وَ رَاٰی مِنْ اَحَدٍ مِّنْ اِخْوَانِهِ فَشَلًا، فَلْیَذُبَّ عَنْ اَخِیْهِ بِفَضْلِ نَجْدَتِهِ الَّتِیْ فُضِّلَ بِهَا عَلَیْهِ کَمَا یَذُبُّ عَنْ نَّفْسِهٖ، فَلَوْ شَآءَ اللهُ لَجَعَلَهٗ مِثْلَهٗ.

تم میں سے جو شخص بھی جنگ کے موقع پر اپنے دل میں حوصلہ و دلیری محسوس کرے اور اپنے کسی بھائی سے کمزوری کے آثار دیکھے تو اسے چاہیے کہ اپنی شجاعت کی برتری کے ذریعہ سے جس کے لحاظ سے وہ اس پر فوقیت رکھتا ہے اس سے (دشمنوں کو) اسی طرح دور کرے جیسے انہیں اپنے سے دور ہٹاتا ہے۔ اس لئے کہ اگر اللہ چاہے تو اسے بھی ویسا ہی کر دے۔

اِنَّ الْمَوْتَ طَالِبٌ حَثِیْثٌ لَّا یَفُوْتُهُ الْمُقِیْمُ، وَ لَا یُعْجِزُهُ الْهَارِبُ. اِنَّ اَکْرَمَ الْمَوْتِ الْقَتْلُ! وَالَّذِیْ نَفْسُ ابْنِ اَبِیْ طَالِبٍ بِیَدِهٖ، لَاَلْفُ ضَرْبَةٍ بِالسَّیْفِ اَهْوَنُ عَلَیَّ مِنْ مِّیْتَةٍ عَلَی الْفِرَاشِ!.

بیشک موت تیزی سے ڈھونڈھنے والی ہے۔ نہ ٹھہرنے والا اس سے بچ کر نکل سکتا ہے اور نہ بھاگنے والا اسے عاجز کر سکتا ہے۔ بلاشبہ قتل ہونا عزت کی موت ہے۔ اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں ابن ابی طالبؑ کی جان ہے کہ بستر پر اپنی موت مرنے سے تلوار کے ہزار وار کھانا مجھے آسان ہیں۔

[مِنْہُ]

[اسی خطبہ کا ایک حصہ یہ ہے]

وَ کَاَنِّیْۤ اَنْظُرُ اِلَیْکُمْ تَکِشُّوْنَکَشِیْشَ الضِّبَابِ: لَا تَاْخُذُوْنَ حَقًّا، وَ لَا تَمْنَعُوْنَ ضَیْمًا. قَدْ خُلِّیْتُمْ وَ الطَّرِیْقَ، فَالنَّجَاةُ لِلْمُقْتَحِمِ، وَ الْهَلَکَةُ لِلْمُتَلَوِّمِ.

گویا میں تمہیں دیکھ رہا ہوں کہ تم (شکست و ہزیمت کے وقت) اس طرح کی آوازیں نکال رہے ہو جس طرح سوسماروں کے اژدہام کے وقت ان کے جسموں کے رگڑ کھانے کی آواز ہوتی ہے۔ نہ تم اپنا حق لیتے ہو اور نہ توہین آمیز زیادتیوں کی روک تھام کر سکتے ہو۔ تمہیں راستے پر کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔ نجات اس کیلئے ہے کہ جو اپنے کو (جنگ میں) جھونک دے اور جو سوچتا ہی رہ جائے اس کیلئے ہلاکت و تباہی ہے۔


balagha.org

۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 31 January 23 ، 18:35
عون نقوی

قَالَهٗ لِلْخَوَارِجِ وَ قَدْ خَرَجَ اِلٰى مُعَسْکَرِهِمْ وَ هُمْ مُقِیْمُوْنَ عَلٰۤى اِنْکَارِ الْحُکُوْمَةِ، فَقَالَ ؑ:

جب خوارج تحکیم کے نہ ماننے پر اَڑ گئے تو حضرتؑ ان کے پڑاؤ کی طرف تشریف لے گئے اور ان سے فرمایا:

اَ کُلُّکُمْ شَهِدَ مَعَنَا صِفِّیْنَ؟ فَقَالُوْا: مِنَّا مَنْ شَهِدَ وَ مِنَّا مَنْ لَّمْ یَشْهَدْ. قَالَ: فَامْتَازُوْا فِرْقَتَیْنِ، فَلْیَکُنْ مَّنْ شَهِدَ صِفِّیْنَ فِرْقَةً، وَ مَنْ لَّمْ یَشْهَدْهَا فِرْقَةً، حَتّٰۤی اُکَلِّمَ کُلًّا مِّنْکُمْ بِکَلَامِهٖ.

کیا تم سب کے سب ہمارے ساتھ صفین میں موجود تھے؟ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کچھ تھے اور کچھ نہیں تھے۔ تو حضرتؑ نے فرمایا کہ: پھر تم دو گروہوں میں الگ الگ ہو جاؤ: ایک وہ جو صفین میں موجود تھا اور ایک وہ جو وہاں موجود نہ تھا تاکہ میں ہر ایک سے جو گفتگو اس سے مناسب ہو وہ کروں۔

وَ نَادَی النَّاسَ، فَقَالَ: اَمْسِکُوْا عَنِ الْکَلَامِ، وَ اَنْصِتُوْا لِقَوْلِیْ، وَ اَقْبِلُوْا بِاَفْئِدَتِکُمْ اِلَیَّ، فَمَنْ نَّشَدْنَاهُ شَهَادَةً فَلْیَقُلْ بِعِلْمِهٖ فِیْهَا.

اور لوگوں سے پکار کر کہا کہ: بس اب (آپس میں) بات چیت نہ کرو اور خاموشی سے میری بات سنو اور دل سے توجہ کرو اور جس سے ہم گواہی طلب کریں وہ اپنے علم کے مطابق (جوں کی توں) گواہی دے۔

ثُمَّ کَلَّمَهُمْ عَلَیْهِ السَّلَامُ بِکَلَامٍ طَوِیْلٍ، مِنْ جُمْلَتِهٖۤ اَنْ قَالَ عَلَیْهِ السَّلَامُ: اَلَمْ تَقُوْلُوْا عِنْدَ رَفْعِهِمُ الْمَصَاحِفَ ـ حِیْلَةً وَّ غِیْلَةً وَّ مَکْرًا وَّ خَدِیْعَةً ـ: اِخْوَانُنَا وَ اَهْلُ دَعْوَتِنَا اسْتَقَالُوْنَا وَ اسْتَرَاحُوْۤا اِلٰی کِتَابِ اللهِ سُبْحَانَهٗ، فَالرَّاْیُ الْقَبُوْلُ مِنْهُمْ وَ التَّنْفِیْسُ عَنْهُمْ؟ فَقُلْتُ لَکُمْ: هٰذَاۤ اَمْرٌ ظَاهِرُهٗ اِیْمَانٌ وَّ بَاطِنُهٗ عُدْوَانٌ، وَ اَوَّلُهٗ رَحْمَةٌ وَّ اٰخِرُهٗ نَدَامَةٌ، فَاَقِیْمُوْا عَلٰی شَاْنِکُمْ، وَ الْزَمُوْا طَرِیْقَتَکُمْ، وَ عَضُّوْا عَلَی الْجِهَادِ بِنَوَاجِذِکُمْ، وَ لَا تَلْتَفِتُوْۤا اِلٰی نَاعِقٍ نَّعَقَ: اِنْ اُجِیْبَ اَضَلَّ، وَ اِنْ تُرِکَ ذَلَّ.

پھر حضرتؑ نے ان لوگوں سے ایک طویل گفتگو فرمائی۔ منجملہ اس کے یہ فرمایا کہ: جب ان لوگوں نے حیلہ و مکر اور جعل و فریب سے قرآن (نیزوں پر) اٹھائے تھے تو کیا تم نے نہیں کہا تھا کہ: وہ ہمارے بھائی بند اور ہمارے ساتھ (اسلام کی) دعوت قبول کرنیوالے ہیں۔ اب چاہتے ہیں کہ ہم جنگ سے ہاتھ اٹھا لیں اور وہ اللہ سبحانہ کی کتاب پر (سمجھوتا کیلئے) ٹھہر گئے ہیں، صحیح رائے یہ ہے کہ ان کی بات مان لی جائے اور ان کی گلو خلاصی کی جائے، تو میں نے تم سے کہا تھا کہ اس چیز کے باہر ایمان اور اندر کینہ و عناد ہے۔ اس کی ابتدا شفقت و مہربانی اور نتیجہ ندامت و پشیمانی ہے۔ لہٰذا تم اپنے رویہ پر ٹھہرے رہو اور اپنی راہ پر مضبوطی سے جمے رہو اور جہاد کیلئے اپنے دانتوں کو بھینچ لو اور اس چلّانے والے کی طرف دھیان نہ دو کہ اگر اس کی آواز پر لبیک کہی گئی تو یہ گمراہ کرے گا اور اگر اسے یونہی رہنے دیا جائے تو ذلیل ہو کر رہ جائے گا۔

وَ قَدْ کَانَتْ هٰذِهِ الْفَعْلَةُ، وَ قَدْ رَاَیْتُکُمْ اَعْطَیْتُمُوْهَا، وَاللهِ! لَئِنْ اَبَیْتُهَا مَا وَجَبَتْ عَلَیَّ فَرِیْضَتُهَا وَ لَا حَمَّلَنِی اللهُ ذَنْۢبَهَا، وَ وَاللهِ! اِنْ جِئْتُهَاۤ اِنِّیْ لَلْمُحِقُّ الَّذِیْ یُتَّبَعُ، وَ اِنَّ الْکِتَابَ لَمَعِیْ، مَا فَارَقْتُهٗ مُذْ صَحِبْتُهٗ. فَلَقَدْ کُنَّا مَعَ رَسُوْلِ اللهِ ﷺ، وَ اِنَّ الْقَتْلَ لَیَدُوْرُ عَلَی الْاٰبَآءِ وَ الْاَبْنَآءِ وَ الْاِخْوَانِ وَ الْقَرَابَاتِ، فَمَا نَزْدَادُ عَلٰی کُلِّ مُصِیْبَةٍ وَّ شِدَّةٍ اِلَّاۤ اِیْمَانًا، وَ مُضِیًّا عَلَی الْحَقِّ، وَ تَسْلِیْمًا لِّلْاَمْرِ، وَ صَبْرًا عَلٰی مَضَضِ الْجِرَاحِ.

(لیکن) جب تحکیم کی صورت انجام پا گئی تو میں تمہیں دیکھ رہا تھا کہ تم ہی اس پر رضا مندی دینے والے تھے۔ خدا کی قسم! اگر میں نے اس سے انکار کر دیا ہوتا تو مجھ پر اس کا کوئی فریضہ واجب نہ ہوتا اور نہ اللہ مجھ پر اس (کے ترک) کا گناہ عائد کرتا اور قسم بخدا اگر میں اس کی طرف بڑھا تو اس صورت میں بھی میں ہی وہ حق پرست ہوں جس کی پیروی کی جانا چاہیے اور کتاب خدا میرے ساتھ ہے اور جب سے میرا اس کا ساتھ ہوا ہے میں اس سے الگ نہیں ہوا۔ ہم (جنگوں میں ) رسول ﷺ کے ساتھ تھے اور قتل ہونے والے وہی تھے جو ایک دوسرے کے باپ، بیٹے، بھائی اور رشتہ دار ہوتے تھے، لیکن ہر مصیبت اور سختی میں ہمارا ایمان بڑھتا تھا اور حق کی پیروی اور دین کی اطاعت میں زیادتی ہوتی تھی اور زخموں کی ٹیسوں پر صبر میں اضافہ ہوتا تھا۔

وَ لٰکِنَّاۤ اِنَّمَاۤ اَصْبَحْنَا نُقَاتِلُ اِخْوَانَنَا فِی الْاِسْلَامِ عَلٰی مَا دَخَلَ فِیْهِ مِنَ الزَّیْغِ وَ الْاِعْوِجَاجِ، وَ الشُّبْهَةِ وَ التَّاْوِیْلِ، فَاِذَا طَمِعْنَا فِیْ خَصْلَةٍ یَّلُمُّ اللهُ بِهَا شَعَثَنَا، وَ نَتَدَانٰی بِهَاۤ اِلَی الْبَقِیَّةِ فِیْمَا بَیْنَنَا، رَغِبْنَا فِیْهَا، وَ اَمْسَکْنَا عَمَّا سِوَاهَا.

مگر اب ہم کو ان لوگوں سے کہ جو اسلام کی رُو سے ہمارے بھائی کہلاتے ہیں جنگ کرنا پڑ گئی ہے، چونکہ ( ان کی وجہ سے) اس میں گمراہی، کجی، شبہات اور غلط سلط تاویلات داخل ہو گئے ہیں تو جب ہمیں کوئی ایسا ذریعہ نظر آئے کہ جس سے (ممکن ہے) اللہ ہماری پریشانیوں کو دور کر دے اور اس کی وجہ سے ہمارے درمیان جو باقی ماندہ (لگاؤ) رہ گیا ہے، اس کی طرف بڑھتے ہوئے ایک دوسرے سے قریب ہوں تو ہم اسی کے خواہشمند رہیں گے اور کسی دوسری صورت سے جو اس کے خلاف ہو ہاتھ روک لیں گے۔


ابن ابی الحدید نے لکھا ہے کہ یہ خطبہ تین ایسے ٹکڑوں پر مشتمل ہے جو ایک دوسرے سے غیر مرتبط ہیں۔ چونکہ علامہ سیّد رضیؒ حضرتؑ کے خطبوں کا کچھ حصہ منتخب کرتے تھے اور کچھ درج نہ کرتے تھے جس سے سلسلہ کلام ٹوٹ جاتا تھا اور ربط برقرار نہ رہتا تھا۔ چنانچہ ایک ٹکڑا «وَ اِنْ تُرِکَ ذَلَّ» پر اور دوسرا «وَ صَبْرًا عَلٰی مَضَضِ الْجِرَاحِ» پر ختم ہوتا ہے اور تیسرا آخر کلام تک ہے۔اس  سے معاویہ یا عمرو بن عاص مراد ہے۔

 

 

 

 

balagha.org
۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 30 January 23 ، 15:41
عون نقوی