یَذْکُرُ فِیْهَا عَجِیْبَ خِلْقَةِ الطَّاوٗسِ
جس میں مور [۱] کی عجیب و غریب آفرینش کا تذکرہ فرمایا ہے
اِبْتَدَعَهُمْ خَلْقًا عَجِیْبًا مِّنْ حَیَوَانٍ وَّ مَوَاتٍ، وَ سَاکِنٍ وَّ ذِیْ حَرَکَاتٍ، وَ اَقَامَ مِنْ شَوَاهِدِ الْبَیِّنَاتِ عَلٰی لَطِیْفِ صَنْعَتِهٖ، وَ عَظِیْمِ قُدْرَتِهٖ، مَا انْقَادَتْ لَهُ الْعُقُوْلُ مُعْتَرِفَةًۢ بِهٖ، وَ مُسَلِّمَةً لَّهٗ، وَ نَعَقَتْ فِیْۤ اَسْمَاعِنَا دَلَآئِلُهٗ عَلٰی وَحْدَانِیَّتِهٖ، وَ مَا ذَرَاَ مِنْ مُّخْتَلِفِ صُوَرِ الْاَطْیَارِ الَّتِیْۤ اَسْکَنَهَاۤ اَخَادِیْدَ الْاَرْضِ، وَ خُرُوْقَ فِجَاجِهَا، وَ رَوَاسِیَ اَعْلَامِهَا، مِنْ ذَاتِ اَجْنِحَةٍ مُّخْتَلِفَةٍ، وَ هَیْئَاتٍ مُّتَبَایِنَةٍ، مُصَرَّفَةٍ فِیْ زِمَامِ التَّسْخِیْرِ، وَ مُرَفْرِفَةٍ بِاَجْنِحَتِهَا فِیْ مَخَارِقِ الْجَوِّ الْمُنْفَسِحِ وَ الْفَضَآءِ الْمُنْفَرِجِ. کَوَّنَهَا بَعْدَ اِذْ لَمْ تَکُنْ فِیْ عَجآئِبِ صُوَرٍ ظَاهِرَةٍ، وَ رَکَّبَهَا فِیْ حِقَاقِ مَفَاصِلَ مُحْتَجِبَةٍ.
قدرت نے ہر قسم کی مخلوق کو وہ جاندار ہو یا بے جان، ساکن ہو یا متحرک عجیب و غریب آفرینش کا جامہ پہنا کر ایجاد کیا ہے اور اپنی لطیف صنعت اور عظیم قدرت پر ایسی واضح نشانیاں شاہد بنا کر قائم کی ہیں کہ جن کے سامنے عقلیں اس کی ہستی کا اعتراف اور اس کی (فرمانبرداری) کا اقرار کرتے ہوئے سر اطاعت خم کر چکی ہیں اور اس کی یکتائی پر یہی عقل کی تسلیم کی ہوئی اور (اس کے خالق بے مثال ہونے پر) مختلف شکل و صورت کے پرندوں کی آفرینش سے ابھری ہوئی دلیلیں ہمارے کانوں میں گونج رہی ہیں۔ وہ پرندے جن کو اس نے زمین کے گڑھوں، درّوں کے شگافوں اور مضبوط پہاڑوں کی چوٹیوں پر بسایا ہے، جو مختلف طرح کے پر و بال اور جداگانہ شکل و صورت والے ہیں۔ جنہیں تسلط (الٰہی) کی باگ ڈور میں گھمایا پھرایا جاتا ہے اور جو کشادہ ہوا کی وسعتوں اور کھلی فضاؤں میں پروں کو پھڑپھڑاتے ہیں۔ انہیں جبکہ یہ موجود نہ تھے عجیب و غریب ظاہری صورتوں سے (آراستہ کرکے) پیدا کیا اور (گوشت و پوست میں) ڈھکے ہوئے جوڑوں کے سروں سے ان کے (جسموں کی) ساخت قائم کی۔
وَ مَنَعَ بَعْضَهَا بِعَبَالَةِ خَلْقِهٖ اَنْ یَّسْمُوَ فِی الْهَوَآءِ خُفُوْفًا، وَ جَعَلَهٗ یَدِفُّ دَفِیْفًا، وَ نَسَقَهَا عَلَی اخْتِلَافِهَا فِی الْاَصَابِیْغِ بِلَطِیْفِ قُدْرَتِهٖ، وَ دَقِیْقِ صَنْعَتِهٖ، فَمِنْهَا مَغْمُوْسٌ فِیْ قَالَبِ لَوْنٍ لَّا یَشُوْبُهٗ غَیْرُ لَوْنِ مَا غُمِسَ فِیْهِ، وَ مِنْهَا مَغْمُوْسٌ فِیْ لَوْنِ صِبْغٍ قَدْ طُوِّقَ بِخِلَافِ مَا صُبِـغَ بِهٖ.
ان میں سے بعض وہ ہیں جنہیں ان کے جسموں کے بوجھل ہونے کی وجہ سے فضا میں بلند ہو کر تیز پروازی سے روک دیا ہے اور انہیں ایسا بنایا ہے کہ وہ زمین سے کچھ تھوڑے ہی اونچے ہو کر پرواز کر سکیں۔ اس نے اپنی لطیف قدرت اور باریک صنعت سے ان قسم قسم کے پرندوں کو (مختلف) رنگوں سے ترتیب دیا ہے۔ چنانچہ ان میں سے بعض ایسے ہیں جو ایک ہی رنگ کے سانچے میں ڈھلے ہوئے ہیں۔ یوں کہ جس رنگ میں انہیں ڈبویا گیا ہے اس کے علاوہ کسی اور رنگ کی ان میں آمیزش نہیں کی گئی اور بعض اس طرح رنگ میں ڈبوئے گئے ہیں کہ جس رنگ کا طوق انہیں پہنا دیا گیا ہے وہ اس رنگ سے نہیں ملتا جس سے خود رنگین ہیں۔
وَ مِنْ اَعْجَبِهَا خَلْقًا الطَّاوٗسُ، الَّذِیْۤ اَقَامَهٗ فِیْۤ اَحْکَمِ تَعْدِیْلٍ، وَ نَضَّدَ اَلْوَانَهٗ فِیْۤ اَحْسَنِ تَنْضِیْدٍ، بِجَنَاحٍ اَشْرَجَ قَصَبَهٗ، وَ ذَنَبٍ اَطَالَ مَسْحَبَهٗ. اِذَا دَرَجَ اِلَی الْاُنْثٰی نَشَرَهٗ مِنْ طَیِّهِ، وَ سَمَا بِهٖ مُطِلًّا عَلٰی رَاْسِهٖ، کَاَنَّهٗ قِلْعُ دَارِیٍّ عَنَجَهٗ نُوْتِیُّهٗ، یَخْتَالُ بِاَلْوَانِهٖ، وَ یَمِیْسُ بِزَیَفَانِهٖ، یُفْضِیْ کَاِفْضَآءِ الدِّیَکَةِ، وَ یَؤُرُّ بِمُلَاقَحَۃٍ اَرَّ الْفُحُوْلِ الْمُغْتَلِمَةِ لِلضِّرَابِ.
ان سب پرندوں سے زائد عجیب الخلقت مور ہے کہ (اللہ نے) جس کے (اعضاء کو) موزونیت کے محکم ترین سانچے میں ڈھالا ہے اور اس کے رنگوں کو ایک حسین ترتیب سے مرتب کیا ہے۔ یہ (حسن و توازن) ایسے پروں سے ہے کہ جن کی جڑوں کو (ایک دوسرے سے) جوڑ دیا ہے اور ایسی دُم سے ہے جو دور تک کھنچتی چلی جاتی ہے۔ جب وہ اپنی مادہ کی طرف بڑھتا ہے تو اپنی لپٹی ہوئی دُم کو پھیلا دیتا ہے اور اسے اس طرح اونچا لے جاتا ہے کہ وہ اس کے سر پر سایہ افگن ہو کر پھیل جاتی ہے۔ گویا وہ (مقام) دارین کی اس کشتی کا بادبان ہے جسے اس کا ملاح اِدھر ُادھر موڑ رہا ہو، وہ اس کے رنگوں پر اتراتا ہے اور اس کی جنبشوں کے ساتھ جھومنے لگتا ہے اور مرغوں کی طرح جفتی کھاتا ہے اور (اپنی مادہ کو) حاملہ کرنے کیلئے جوش و ہیجان میں بھرے ہوئے نروں کی طرح جوڑ کھاتا ہے۔
اُحِیْلُکَ مِنْ ذٰلِکَ عَلٰی مُعَایَنَةٍ، لَا کَمَنْ یُحِیْلُ عَلٰی ضَعِیْفٍ اِسْنَادُهٗ، وَ لَوْ کَانَ کَزَعْمِ مَنْ یَزْعُمُ اَنَّهٗ یُلْقِحُ بِدَمْعَةٍ تَسْفَحُهَا مَدَامِعُهٗ، فَتَقِفُ فِیْ ضَفَّتَیْ جُفُوْنِهٖ، وَ اَنَّ اُنْثَاهُ تَطْعَمُ ذٰلِکَ، ثُمَّ تَبِیْضُ لَا مِنْ لِّقَاحِ فَحْلٍ سِوَی الدَّمْعِ الْمُنْبَجِسِ، لَمَا کَانَ ذٰلِکَ بِاَعْجَبَ مِنْ مُّطَاعَمَةِ الْغُرَابِ!.
میں اس (بیان) کیلئے مشاہدہ کو تمہارے سامنے پیش کرتا ہوں۔ اس شخص کی طرح نہیں کہتا جو کسی کمزور سند کا حوالہ دے رہا ہو۔ گمان کرنے والوں کا یہ صرف وہم و گمان ہے کہ وہ اپنے گوشہ ہائے چشم کے بہائے ہوئے اس آنسو سے اپنی مادہ کو انڈوں پر لاتا ہے کہ جو اس کی پلکوں کے دونوں کناروں میں آ کر ٹھہر جاتا ہے اور مورنی اسے پی لیتی ہے اور پھر وہ انڈے دینے لگتی ہے اور اس پھوٹ کر نکلنے والے آنسو کے علاوہ یوں نر اُس سے جفتی نہیں کھاتا۔ اگر ایسا ہو تو بھی (ان کے خیال کے مطابق) کوے کے اپنی مادہ کو (پوٹے سے دانا پانی) بھرا کر انڈوں پر لانے سے زیادہ تعجب خیز نہیں ہے۔
تَخَالُ قَصَبَهٗ مَدَارِیَ مِنْ فِضَّةٍ، وَ مَاۤ اُنْۢبِتَ عَلَیْهَا مِنْ عَجِیْبِ دَارَاتِهٖ، وَ شُمُوْسِهٖ خَالِصَ الْعِقْیَانِ، وَ فِلَذَ الزَّبَرْجَدِ. فَاِنْ شَبَّهْتَهٗ بِمَاۤ اَنْۢبَتَتِ الْاَرْضُ قُلْتَ: جَنِیٌ جُنِیَ مِنْ زَهْرَةِ کُلِّ رَبِیْعٍ، وَ اِنْ ضَاهَیْتَهٗ بِالْمَلَابِسِ فَهُوَ کَمَوْشِیِّ الْحُلَلِ اَوْ کَمُوْنِقِ عَصْبِ الْیَمَنِ، وَ اِنْ شَاکَلْتَهٗ بِالْحُلِیِّ فَهُوَ کَفُصُوْصٍ ذَاتِ اَلْوَانٍ، قَدْ نُطِّقَتْ بِاللُّجَیْنِ الْمُکَلَّلِ.
(تم اگر بغور دیکھو گے) تو اس کے پروں کی درمیانی تیلیوں کو چاندی کی سلائیاں تصور کرو گے اور ان پر جو عجیب و غریب ہالے بنے ہوئے ہیں اور سورج (کی شعاعوں) کے مانند (جو پر و بال) اُگے ہوئے ہیں (انہیں زردی میں) خالص سونا اور (سبزی میں) زمرد کے ٹکڑے خیال کرو گے۔ اگر تم اسے زمین کی اُگائی ہوئی چیزوں سے تشبیہ دو گے تو یہ کہو گے کہ وہ ہر موسم بہار کے چنے ہوئے شگوفوں کا گلدستہ ہے اور اگر کپڑوں سے تشبیہ دو گے تو وہ منقش حُلّوں یا خوشنما یمنی چادروں کے مانند ہے اور اگر زیورات سے تشبیہ دو گے تو وہ رنگ برنگ کے ان نگینوں کی طرح ہے جو مرصع بجواہر چاندی میں دائروں کی صورت میں پھیلا دئیے گئے ہوں۔
یَمْشِیْ مَشْیَ الْمَرِحِ الْمُخْتَالِ، وَ یَتَصَفَّحُ ذَنَۢبَهٗ وَ جَنَاحَیْهٗ، فَیُقَهْقِهٗ ضَاحِکًا لِّجَمَالِ سِرْبَالِهٖ، وَ اَصَابِیْغِ وِشَاحِهٖ، فَاِذَا رَمٰی بِبَصَرِهٖۤ اِلٰی قَوَآئِمِهٖ زَقَا مُعْوِلًۢا بِصَوْتٍ یَّکَادُ یُبِیْنُ عَنِ اسْتِغَاثَتِهٖ، وَ یَشْهَدُ بِصَادِقِ تَوَجُّعِهٖ، لِاَنَّ قَوَآئِمَهٗ حُمْشٌ کَقَوَآئِمِ الدِّیَکَةِ الْخِلَاسِیَّةِ.
وہ اس طرح چلتا ہے جس طرح کوئی ہشاش بشاش اور متکبر محو خرام ہوتا ہے اور اپنی دم اور پر و بال کو غور سے دیکھتا ہے تو اپنے پیراہن کے حسن و جمال اور اپنے گلوبند کی رنگتوں کی وجہ سے قہقہہ لگا کر ہنستا ہے، مگر جب اپنے پیروں پر نظر ڈالتا ہے تو اس طرح اونچی آواز سے روتا ہے کہ گویا اپنی فریاد کو ظاہر کر رہا ہے اور اپنے سچے درد (دل) کی گواہی دے رہا ہے۔ کیونکہ اس کے پیر خاکستری رنگ کے دوغلے مرغوں کے پیروں کی طرح باریک اور پتلے ہوتے ہیں اور اس کی پنڈلی کے کنارے پر ایک باریک سا کانٹا نمایاں ہوتا ہے۔
وَ قَدْ نَجَمَتْ مِنْ ظُنْبُوْبِ سَاقِهٖ صِیْصِیَّةٌ خَفِیَّةٌ، وَ لَهٗ فِیْ مَوْضِعِ الْعُرْفِ قُنْزُعَةٌ خَضْرَآءُ مُوَشَّاةٌ، وَ مَخْرَجُ عَنُقِهٖ کَالْاِبْرِیْقِ، وَ مَغْرَزُهَاۤ اِلٰی حَیْثُ بَطْنُهٗ کَصِبْغِ الْوَسِمَةِ الْیَمَانِیَّةِ، اَوْ کَحَرِیْرَةٍ مُّلْبَسَةٍ مِّرْاٰةً ذَاتَ صِقَالٍ، وَ کَاَنَّهٗ مُتَلَفِّـعٌۢ بِمِعْجَرٍ اَسْحَمَ، اِلَّاۤ اَنَّهٗ یُخَیَّلُ لِکَثْرَةِ مَآئِهٖ، وَ شِدَّةِ بَرِیْقِهٖ، اَنَّ الْخُضْرَةَ النَّاضِرَةَ مُمْتَزِجَةٌۢ بِهٖ، وَ مَعَ فَتْقِ سَمْعِهٖ خَطٌّ کَمُسْتَدَقِّ الْقَلَمِ فِیْ لَوْنِ الْاُقْحُوَانِ، اَبْیَضُ یَّقَقٌ، فَهُوَ بِبَیَاضِهٖ فِیْ سَوَادِ مَا هُنَالِکَ یَاْتَلِقُ.
اور اس کی (گردن پر) ایال کی جگہ سبز رنگ کے منقش پروں کا گچھا ہوتا ہے اور گردن کا پھیلاؤ یوں معلوم ہوتا ہے جیسے صراحی (کی گردن) اور اس کے گڑنے کی جگہ سے لے کر وہاں تک کا حصہ کہ جہاں اس کا پیٹ ہے یمنی وسمہ کے رنگ کی طرح (گہرا سبز) ہے یا اس ریشم کی طرح ہے جو صیقل کئے ہوئے آئینہ پر پہنا دیا گیا ہو، گویا کہ وہ سیاہ رنگ کی اوڑھنی میں لپٹا ہوا ہے، لیکن اس کی آب و تاب کی فراوانی اور چمک دمک کی بہتات سے ایسا گمان ہوتا ہے کہ اس میں تر و تازہ سبزی کی (الگ سے) آمیزش کر دی گئی ہے۔ اس کے کانوں کے شگاف سے ملی ہوئی بابونہ کے پھولوں جیسی ایک سفید چمکیلی لکیر ہوتی ہے۔ جو قلم کی باریک نوک کے مانند ہے وہ (لکیر) اپنی سفیدی کے ساتھ اس جگہ کی سیاہیوں میں جگمگاتی ہے۔
وَ قَلَّ صِبْغٌ اِلَّا وَ قَدْ اَخَذَ مِنْهُ بِقِسْطٍ، وَ عَلَاهُ بِکَثْرَةِ صِقَالِهٖ وَ بَرِیْقِهٖ، وَ بَصِیْصِ دِیْبَاجِهٖ وَ رَوْنَقِهٖ، فَهُوَ کَالْاَزَاهِیْرِ الْمَبْثُوثَةِ، لَمْ تُرَبِّهَاۤ اَمْطَارُ رَبِیْعٍ، وَ لَا شُمُوْسُ قَیْظٍ. وَ قَدْ یَتَحَسَّرُ مِنْ رِّیْشِهٖ، وَ یَعْرٰی مِنْ لِّبَاسِهٖ، فَیَسْقُطُ تَتْرٰی، وَ یَنْۢبُتُ تِبَاعًا، فَیَنْحَتُّ مِنْ قَصَبِهِ انْحِتَاتَ اَوْرَاقِ الْاَغْصَانِ، ثُمَّ یَتَلَاحَقُ نَامِیًا حَتّٰی یَعُوْدَ کَهَیْئَتِهٖ قَبْلَ سُقُوْطِهٖ، لَا یُخَالِفُ سَالِفَ اَلْوَانِهٖ، وَ لَا یَقَعُ لَوْنٌ فِیْ غَیْرِ مَکَانِهٖ! وَ اِذَا تَصَفَّحْتَ شَعْرَةً مِّنْ شَعَرَاتِ قَصَبِهٖ اَرَتْکَ حُمْرَةً وَّرْدِیَّةً، وَ تَارَةً خُضْرَةً زَبَرْجَدِیَّةً، وَ اَحْیَانًا صُفْرَةً عَسْجَدِیَّةً.
کم ہی ایسے رنگ ہوں گے جس نے سفید دھاری کا کچھ حصہ نہ لیا ہو اور وہ ان رنگوں پر اپنی آب و تاب کی زیادتی، اپنے پیکر ِریشمیں کی چمک دمک اور زیبائش کی وجہ سے چھائی ہوئی ہے۔ وہ ان بکھری ہوئی کلیوں کے مانند ہے کہ جنہیں نہ فصل بہار کی بارشوں نے پروان چڑھایا ہو اور نہ گرمیوں کے سورج نے پرورش کیا ہو وہ کبھی اپنے پر و بال سے برہنہ اور اپنے رنگین لباس سے عریاں ہو جاتا ہے، اس کے بال و پر لگاتار جھڑتے ہیں اور پھر پے درپے اُگنے لگتے ہیں، وہ اس کے بازوؤں سے اس طرح جھڑتے ہیں جس طرح ٹہنیوں سے پتے، یہاں تک کہ جھڑنے سے پہلے جو شکل و صورت تھی اسی کی طرف پلٹ آتا ہے اور اپنے پہلے رنگوں سے سر مو اِدھر سے اُدھر نہیں ہوتا اور نہ کوئی رنگ اپنی جگہ چھوڑ کر دوسری جگہ اختیار کرتا ہے۔ جب اس کے پروں کے ریشوں سے کسی ریشے کو تم غور سے دیکھو گے تو وہ تمہیں کبھی گلاب کے پھولوں جیسی سرخی اور کبھی زمرد جیسی سبزی اور کبھی سونے جیسی زردی کی (جھلکیاں) دکھائے گا۔
فَکَیْفَ تَصِلُ اِلٰی صِفَةِ هٰذَا عَمَآئِقُ الْفِطَنِ، اَوْ تَبْلُغُهٗ قَرَآئِحُ الْعُقُوْلِ، اَوْ تَسْتَنْظِمُ وَصْفَهٗ اَقْوَالُ الْوَاصِفِیْنَ! وَ اَقَلُّ اَجْزَآئِهٖ قَدْ اَعْجَزَ الْاَوْهَامَ اَنْ تُدْرِکَهٗ، وَ الْاَلْسِنَةَ اَنْ تَصِفَهٗ!.
(غور تو کرو کہ) ایک ایسی مخلوق کی صفتوں تک فکروں کی گہرائیاں کیوں کر پہنچ سکتی ہیں؟ یا عقلوں کی طبع آزمائیاں کس طرح وہاں تک رسائی پا سکتی ہیں؟ یا بیان کرنے والوں کے کلمات کیونکر اس کے وصفوں کو ترتیب دے سکتے ہیں؟ کہ جس کے چھوٹے سے چھوٹے جز نے بھی واہموں کو سمجھنے سے عاجز اور زبانوں کو بیان کرنے سے درماندہ کر دیا ہو۔
فَسُبْحَانَ الَّذِیْ بَهَرَ الْعُقُوْلَ عَنْ وَّصْفِ خَلْقٍ جَلَّاهُ لِلْعُیُوْنِ، فَاَدْرَکَتْهُ مَحْدُوْدًا مُّکَوَّنًا، وَ مُؤَلَّفًا مُّلَـوَّنًا، وَ اَعْجَزَ الْاَلْسُنَ عَنْ تَلْخِیْصِ صِفَتِهٖ، وَ قَعَدَ بِهَا عَنْ تَاْدِیَةِ نَعْتِهٖ!.
تو پاک ہے وہ ذات کہ جس نے ایک ایسی مخلوق کی حالت بیان کرنے سے بھی عقلوں کو مغلوب کر رکھا ہے کہ جسے آنکھوں کے سامنے نمایاں کر دیا تھا اور ان (آنکھوں) نے اس کو ایک حد میں گھرا ہوا اور (اجزا) سے مرکب اور (مختلف رنگوں سے) رنگین صورت میں دیکھ بھی لیا اور جس نے زبانوں کو اس (مخلوق) کے وصفوں کا خلاصہ کرنے سے عاجز اور اس کی صفتوں کے بیان کرنے سے درماندہ کر دیا ہے۔
وَ سُبْحَانَ مَنْ اَدْمَجَ قَوَآئِمَ الذَّرَّةِ وَ الْهَمَجَةِ اِلٰی مَا فَوْقَهُمَا مِنْ خَلْقِ الْحِیْتَانِ وَ الْفِیَلَةِ! وَ وَاٰی عَلٰی نَفْسِهٖۤ اَنْ لَّا یَضْطَرِبَ شَبَحٌ مِّمَّاۤ اَوْلَجَ فِیْهِ الرُّوْحَ، اِلَّا وَ جَعَلَ الْحِمَامَ مَوْعِدَهٗ، وَ الْفَنَآءَ غَایَتَهٗ.
اور پاک ہے وہ خدا کہ جس نے چیونٹی اور مچھر سے لے کر ان سے بڑی مخلوق مچھلیوں اور ہاتھیوں تک کے پیروں کو مضبوط و مستحکم کیا ہے اور اپنی ذات پر لازم کر لیا ہے کہ کوئی پیکر کہ جس میں اس نے روح داخل کی ہے جنبش نہیں کھائے گا مگر یہ کہ موت کو اس کی وعدہ گاہ اور فنا کو اس کی حد آخر قرار دے گا۔
[مِنْهَا: فِیْ صِفَةِ الْجَنَّةِ]
[اس خطبہ کا یہ حصہ جنت کے بیان میں ہے]
فَلَوْ رَمَیْتَ بِبَصَرِ قَلْبِکَ نَحْوَ مَا یُوْصَفُ لَکَ مِنْهَا لَعَزَفَتْ نَفْسُکَ عَنْۢ بَدَآئِعِ مَاۤ اُخْرِجَ اِلَی الدُّنْیَا مِنْ شَهَوَاتِهَا وَ لَذَّاتِهَا، وَ زَخَارِفِ مَنَاظِرِهَا، وَ لَذَهِلَتْ بِالْفِکْرِ فِی اصْطِفَاقِ اَشْجَارٍ غُیِّبَتْ عُرُوْقُهَا فِیْ کُثْبَانِ الْمِسْکِ عَلٰی سَوَاحِلِ اَنْهَارِهَا، وَ فِیْ تَعْلِیْقِ کَبَآئِسِ اللُّؤْلُؤِ الرَّطْبِ فِیْ عَسَالِیْجِهَا وَ اَفْنَانِهَا، وَ طُلُوْعِ تِلْکَ الثِّمَارِ مُخْتَلِفَةً فِیْ غُلُفِ اَکْمَامِهَا، تُجْنٰی مِنْ غَیْرِ تَکَلُّفٍ فَتَاْتِیْ عَلٰی مُنْیَةِ مُجْتَنِیْهَا، وَ یُطَافُ عَلٰی نُزَّالِهَا فِیْۤ اَفْنِیَةِ قُصُوْرِهَا بِالْاَعْسَالِ الْمُصَفَّقَةِ، وَ الْخُمُوْرِ الْمُرَوَّقَةِ. قَوْمٌ لَّمْ تَزَلِ الْکَرَامَةُ تَتَمَادٰی بِهِمْ حَتّٰی حَلُّوْا دَارَ الْقَرَارِ، وَ اَمِنُوْا نُقْلَةَ الْاَسْفَارِ.
اگر تم دیدہ دل سے جنت کی ان کیفیتوں پر نظر کرو جو تم سے بیان کی جاتی ہیں تو تمہارا نفس دنیا میں پیش کی ہوئی عمدہ سے عمدہ خواہشوں اور لذتوں اور اس کے مناظر کی زیبائشوں سے نفرت کرنے لگے گا اور وہ ان درختوں کے پتوں کے کھڑکھڑانے کی آوازوں میں کہ جن کی جڑیں جنت کی نہروں کے کناروں پر مشک کے ٹیلوں میں ڈوبی ہوئی ہیں کھو جائے گا اور ان کی بڑی اور چھوٹی ٹہنیوں میں تر و تازہ موتیوں کے گچھوں کے لٹکنے اور سبز پتیوں کے غلافوں میں مختلف قسم کے پھلوں کے نکلنے کے (نظاروں) میں محو ہو جائے گا۔ ایسے پھل کہ جو بغیر کسی زحمت کے چنے جا سکتے ہیں اور چننے والے کی خواہش کے مطابق آگے بڑھ آتے ہیں۔ وہاں کے بلند ایوانوں کے صحنوں میں اترنے والے مہمانوں کے گرد پاک و صاف شہد اور صاف ستھری شراب (کے جام) گردش میں لائے جائیں گے۔ وہ ایسے لوگ ہیں کہ اللہ کی بخشش و عنایت ہمیشہ ان کے شامل حال رہی یہاں تک کہ وہ اپنی جائے قیام میں اتر پڑے اور سفروں کی نقل و حرکت سے آسودہ ہو گئے۔
فَلَوْ شَغَلْتَ قَلْبَکَ اَیُّهَا الْمُسْتَمِـعُ بِالْوُصُوْلِ اِلٰی مَا یَهْجُمُ عَلَیکَ مِنْ تِلْکَ الْمَنَاظِرِ الْمُوْنِقَةِ، لَزَهَقَتْ نَفْسُکَ شَوْقًا اِلَیْهَا، وَ لَتَحَمَّلْتَ مِنْ مَجْلِسِیْ هٰذَاۤ اِلٰی مُجَاوَرَةِ اَهْلِ الْقُبُوْرِ اسْتِعْجَالًۢا بِهَا. جَعَلَـنَا اللهُ وَ اِیَّاکُمْ مِمَّنْ یَّسْعٰی بِقَلْبِهٖ اِلٰی مَنَازِلِ الْاَبْرَارِ بِرَحْمَتِهٖ.
اے سننے والے! اگر تو ان دلکش مناظر تک پہنچنے کیلئے اپنے نفس کو متوجہ کرے جو تیری طرف ایک دم آنے والے ہیں تو اس کے اشتیاق میں تیری جان ہی نکل جائے گی اور اسے جلد سے جلد پا لینے کیلئے میری اس مجلس سے اٹھ کر قبروں میں رہنے والوں کی ہمسائیگی اختیار کرنے کیلئے آمادہ ہو جائے گا۔ اللہ سبحانہ اپنی رحمت سے ہمیں اور تمہیں ان لوگوں میں سے قرار دے کہ جو نیک بندوں کی منزل تک پہنچنے کی (سر توڑ) کوشش کرتے ہیں۔
balagha.org