بصیرت اخبار

جہاد تبیین

Monday, 28 March 2022، 12:54 PM

{سیاسی افکار}

جہاد تبیین

تحریر: احمد علی رضائی اسد آبادی

ترجمه: عون نقوی

مقدمہ

«جہاد فی سبیل اللہ» عبادات میں سے ایک خاص عبادت ہے جس کی خدا تعالیٰ نے تاکید فرمائی اور یہ خالص محمدی اسلام کے مقدس دین کی تبلیغ و اشاعت کا واحد ذریعہ تھا اور ہے۔ قرآن کریم کی متعدد آیات میں اللہ تعالیٰ جہاد کا حکم دیتا ہے اور مجاہدین کی قدر بیان کرتا ہے:

«یا أَیُّهَا الَّذینَ آمَنُوا اتَّقُوا اللهَ وَ ابْتَغُوا إِلَیْهِ الْوَسیلَةَ وَ جاهِدُوا فی سَبیلِهِ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُون».

ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور اس کی طرف(قربت کا)ذریعہ تلاش کرو اور اس کی راہ میں جہاد کرو شاید تمہیں کامیابی نصیب ہو۔[1]

دوسری جگہ پر ارشاد ہوتا ہے:

«یا أَیُّهَا الَّذینَ آمَنُوا ارْکَعُوا وَ اسْجُدُوا وَ اعْبُدُوا رَبَّکُمْ وَ افْعَلُوا الْخَیْرَ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُونَ وَ جاهِدُوا فِی اللهِ حَقَّ جِهادِهِ».

ترجمہ: اے ایمان والو! رکوع کرو اور سجدہ کرو اور اپنے رب کی عبادت کرو نیز نیک عمل انجام دو، امید ہے کہ (اس طرح) تم فلاح پا جاؤ۔ اور راہ خدا میں ایسے جہاد کرو جیسے جہاد کرنے کا حق ہے۔[2]

سوره نساء میں مجاہدین کی فضیلت بیان کرتے ہوۓ فرمایا:

«لا یَسْتَوِی الْقاعِدُونَ مِنَ الْمُؤْمِنینَ غَیْرُ أُولِی الضَّرَرِ وَ الْمُجاهِدُونَ فی سَبیلِ اللهِ‌ بِأَمْوالِهِمْ وَ أَنْفُسِهِمْ فَضَّلَ اللهُ‌ الْمُجاهِدینَ بِأَمْوالِهِمْ وَ أَنْفُسِهِمْ عَلَى الْقاعِدینَ دَرَجَةً وَ کُلاًّ وَعَدَ اللهُ‌ الْحُسْنى وَ فَضَّلَ اللهُ‌ الْمُجاهِدینَ عَلَى الْقاعِدینَ أَجْراً عَظیماً».

ترجمہ: بغیر کسی معذوری کے گھر میں بیٹھنے والے مؤمنین اور راہ خدا میں جان و مال سے جہاد کرنے والے یکساں نہیں ہو سکتے، اللہ نے بیٹھے رہنے والوں کے مقابلے میں جان و مال سے جہاد کرنے والوں کا درجہ زیادہ رکھا ہے، گو اللہ نے سب کے لیے نیک وعدہ فرمایا ہے، مگر بیٹھنے والوں کی نسبت جہاد کرنے والوں کو اجر عظیم کی فضیلت بخشی ہے۔[3]

تاہم سلفی جہادیوں کے برعکس، بقیہ تمام اسلامی فرقے جہاد کو صرف «فوجی جہاد» تک محدود نہیں سمجھتے بلکہ «جہاد با نفس»، «جہاد با شیطان»، «علمی ثقافتی و تبلیغی جہاد» اور «امور خانوادہ کی رسیدگی کا جہاد» جیسے امور کو بھی جہاد میں شامل کرتے ہیں۔

لفظ «جہادِ تبیین» کی اصطلاح عالم اسلام کے مفکر فقیہ اور رہبر اعلیٰ «حضرت امام خامنہ ای دام ظلہ العالی» کی اختراعات میں سے ایک ہے، اس اصطلاح کی بنیادیں ہمیں کتاب و روایت میں میں بھی ملتی ہیں۔ «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» کے وجوب کو ثابت کرنے والی آیات اور احادیث «جہادِ تبیین» کی عمومی مشروعیت کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔، امر اور نہی کے اطلاق سے اس مسئلہ کی شرعی حیثیت بہت آسانی سے ثابت ہو جاتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی سیرت، ان کی احادیث، آئمہ معصومینؑ کی سیرت اور روایات «جہادِ تبیین» کے جواز کی خاص دلیل ہیں۔ [4]

لفظ «جہادِ تبیین» دو الفاظ «جہاد» اور «تبیین» سے مل کر بنا ہے۔

«جہاد» کا مادہ ’’جَہَدَ‘‘ ہے جس کے لغوی معنی سخت زمین کے ہیں۔ [5] اصطلاح میں «جہاد» سے مراد دشمنوں سے مقابلہ کرنے کی آخری کوشش کرنا ہے۔ [6]

«جہاد» کی مختلف اقسام ہیں:

۱۔ اپنی جان کے ساتھ جہاد کرناد؛ یعنی فوجی جہاد۔

۲۔ اپنے مال کے ساتھ جہاد کرنا؛ یعنی: خمس یا زکوٰۃ یا مستحب صدقات دے کر اسلامی معاشرے کے ناقص امور کی دیکھ بھال کرنا اور مجاہدین کی مدد کرکے اسلام کے دشمنوں کا مقابلہ کرنا۔

۳۔ خواہشات نفسانی کو کنٹرول کرنا یا شیطان سے جہاد۔

۴۔ زبان کے ساتھ جہاد؛ نیکی کا حکم دینا اور برائی سے منع کرنا اور جہاد کی وضاحت کرنا۔

جبکہ لفظ «تبیین» باب تفعیل کا مصدر ہے ۔ جو «بَیَّنَ یُبَیِّنُ» کے مادہ سے ہے۔ تبیین کے لغوی معنی وضاحت کرنے کے ہیں۔ [7] جبکہ اصطلاح میں تبیین سے مراد طرفِ مقابل کو اپنا مورد نظر معنی سمجھانا ہے۔ [8]

جہاد تبیین کے مبانی

اللہ تعالی نے رسول اللہﷺ، آئمہ معصومینؑ اور ان کی نیابت میں علماء کرام و تمام مومنین و مومنات کا یہ فریضہ قرار دیا ہے کہ وہ معاشرے کے ایک ایک فرد کو انذار، تبشیر[9]، امر بالمعروف، نہی عن المنکر[10][11]کریں، اور نعمات الہی کی یاد آوری[12]، سختیوں میں صبر اور دشمنان اسلام سے مقابلہ کرنے[13]پر آمادہ کریں۔ اس بنا پر ہم جہاد تبیین کی مشروعیت کو ان آیات کے اطلاق سے ثابت کر سکتے ہیں۔ خصوصا امر بالمعروف اور نہی عن المنکر سے مربوط عمومات اور احادیث صحیحہ فریقین کی نصوص سے ثابت کیا جا سکتا ہے۔

جہادِ تبیین کے قرآنی مبانی

جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ دین نے «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» کو تین قسموں میں تقسیم کیا ہے۔

۱۔ جسمانی طور پر جا کر کسی امر کو قائم کریں یا کسی منکر اور برائی کو ختم کر دیں۔

۲۔ زبانی طور پر کسی معروف کا امر دیں یا کسی کو برائی کرنے سے منع کر دیں۔

۳۔ اگر جسمانی اور زبانی طور پر کسی کام کا حکم نہیں دے سکتے یا برے کام سے روک نہیں سکتے تو قلبی طور پر اسے برا سمجھیں۔

«جہاد» بھی تین قسموں میں تقسیم ہوتا ہے۔

۱۔ اپنی جان کے ساتھ «جہاد» کرنا

۲۔ مال کے ساتھ «جہاد» کرنا

۳۔ زبان کے ساتھ «جہاد» کرنا[14]

«جہادِ تبیین» یہی تیسری قسم کا جہاد یعنی زبان کے ساتھ جہاد کرنا ہے یا «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» کی دوسری قسم ہے۔

«جہادِ تبیین» کی مشروعیت کو ثابت کرنے کے لیے ہم «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» کی آیات کو استناد کے طور پر پیش کرسکتے ہیں۔

ارشاد باری تعالی ہوتا ہے:

«وَ لْتَکُنْ مِنْکُمْ أُمَّةٌ یَدْعُونَ إِلَى الْخَیْرِ وَ یَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَ یَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَ أُولئِکَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ».

ترجمہ: اور تم میں ایک جماعت ایسی ضرور ہونی چاہیے جو نیکی کی دعوت اور بھلائی کا حکم دے اور برائیوں سے روکے اور یہی لوگ نجات پانے والے ہیں۔[15]

اسی سورہ کی آیت ۱۱۰ میں ارشاد ہوتا ہے:

«لِلنّاسِ تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَ تَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ».

ترجمہ: تم بہترین امت ہو جو لوگوں (کی اصلاح) کے لیے پیدا کیے گئے ہو تم نیکی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے روکتے ہو۔[16]

سورہ حج میں ارشاد ہوا:
«الَّذینَ إِنْ مَکَّنَّاهُمْ فِی الْأَرْضِ أَقامُوا الصَّلاةَ وَ آتَوُا الزَّکاةَ وَ أَمَرُوا بِالْمَعْرُوفِ وَ نَهَوْا عَنِ الْمُنْکَرِ وَ للهِ عاقِبَةُ الْأُمُور».

ترجمہ: یہ وہ لوگ ہیں کہ اگر ہم انہیں زمین میں اقتدار دیں تو وہ نماز قائم کریں گے اور زکوٰۃ ادا کریں گے اور نیکی کا حکم دیں گے اور برائی سے منع کریں گے اور تمام امور کا انجام اللہ کے ہاتھ میں ہے۔[17]

جہادِ تبیین کے حدیثی مبانی

ہمارے پاس جہاد تبیین کی مشروعیت کے اثبات کے لیے صحیح السند حدیث موجود ہے۔ شیعہ امامیہ اور اہل سنت محدثین نے اپنے مبانی کے مطابق رسول اللہ ﷺ سے صحیح السند حدیث نقل کی ہے جس میں آپﷺ کا فرمانا ہے:

«جَاهِدُوا الْمُشْرِکِینَ بِأَمْوَالِکُمْ وَأَنْفُسِکُمْ وَأَلْسِنَتِکُمْ».

ترجمہ: مشرکین کے ساتھ اپنے اموال، اپنی جانوں اور زبانوں کے ساتھ جہاد کرو۔[18][19][20][21][22][23][24]   

اس روایت کو لفظ «جَاهِدُوا الکُفَار» سے بھی نقل کیا گیا ہے۔[25][26]

فقہ الحدیث

اولا: یہ حدیث شریف شیعہ سنی مبانی رجالی کے مطابق صحیح السند ہے۔ محمد البانی سلفی، شعیب ارنؤوط حدیث شناس وہابی،اس حدیث کی صحت کی شہادت دیتے ہیں۔[27][28] ثانیا: اس حدیث شریف سے یہ استفادہ کیا جاسکتا ہے کہ «جہادِ تبیین» بھی جہاد کی اقسام میں سے ہے اور رسول اللہ ﷺ و امیرالمومنینؑ کی بھی اس پر تائید و تاکید موجود ہے۔ کیونکہ فعل امر کے صیغے «جَاهِدُوا» سے انہوں نے امر فرمایا ہے جس سے جہاد تبیین کا واجب ہونا ثابت ہوتا ہے، جس طرح سے جنگی جہاد اور مالی جہاد واجب ہے اسی طرح سے جہاد تبیین بھی واجب ہے۔ امیرالمومنین امام علیؑ نے امام حسنؑ و امام حسینؑ اور اپنے قیامت تک آنے والے پیروان کو وصیت نامے میں حکم دیا ہے:

«اللَّهَ‏ اللَّهَ‏ فِی‏ الْجِهَادِ بِأَمْوَالِکُمْ وَ أَنْفُسِکُمْ وَ أَلْسِنَتِکُمْ فِی سَبِیلِ اللَّهِ، لَا تَتْرُکُوا الْأَمْرَ بِالْمَعْرُوفِ وَ النَّهْیَ عَنِ الْمُنْکَرِ فَیُوَلَّى عَلَیْکُمْ أَشْرَارُکُمْ ثُمَّ تَدْعُونَ فَلَا یُسْتَجَابُ لَکُم».

ترجمہ: جان، مال اور زبان سے راہ خدا میں جہاد کرنے کے بارے میں اللہ کو نہ بھولنا، اور تم پر لازم ہے کہ آپس میں میل ملاپ رکھنا اور ایک دوسرے کی اعانت کرنا، اور خبردار! ایک دوسرے کی طرف سے پیٹھ پھیرنے اور تعلقات توڑنے سے پرہیز کرنا، نیکی کا حکم دینے اور برائی سے منع کرنے سے کبھی ہاتھ نہ اٹھانا ورنہ تم پر بدکردار مسلط ہو جائیں گے پھر دعا مانگو تو قبول نہ ہوگی۔ [29]

فقہ الحدیث

یہ وصیت امیرالمومنینؑ  صرف حسنینؑ کے لیے مختص نہیں۔ بلکہ امیرالمومنینؑ کے قیامت تک آنے والے افراد کو یہ حکم شامل ہے اور ان پر واجب ہے کہ اس وصیت پر عمل کریں۔[30] امیرالمومنینؑ «جہاد فی سبیل اللہ» کو صرف «جنگی جہاد» میں منحصر نہیں سمجھتے بلکہ فرماتے ہیں، «جہاد با اموال»، یعنی معاشرے کے فقراء کی رسیدگی، «جہاد با زبان»،یعنی «جہاد تبیین» بھی «جہاد فی سبیل اللہ» کے مصادیق میں سے ہے۔ امیرالمومنینؑ فرماتے ہیں کہ اگر «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» یعنی «جہاد تبیین» کو تم لوگوں نے ترک کر دیا تو ایسے شرور افراد میں گرفتار ہو کر رہ جاؤگے کہ اس کے نتیجے میں ان شرور سے نجات کی دعا بھی مستجاب نہ ہوگی۔ لہٰذا رسول اللہ (ص) کی صحیح حدیث ،امیر المومنین (ص) کی صحیح حدیث اور ان کی وصیت کے مطابق یہ کہا جاسکتا ہےکہ جہاد تبیین بھی «جہاد فی سبیل اللہ» میں سے ایک ہے اور اس کا بھی اسی طرح سے حکم دیا گیا ہے جس طرح سے کہ «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» کا حکم دیا گیا ہے۔

جہاد تبیین کی خصوصیات

۱۔ «جہاد تبیین» عالمانہ انداز میں ہونا چاہیے۔ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالی ہوتا ہے:

«وَ لاتَقْفُ ما لَیْسَ لَکَ بِهِ عِلْمٌ».

ترجمہ: اور اس کے پیچھے نہ پڑ جس کا تجھے علم نہیں ہے[31]

۲۔ «جہاد تبیین» صبر کے ہمراہ ہو۔ اللہ تعالی کا فرمانا ہے:

«فَاصْبِرْ عَلى ما یَقُولُونَ».

ترجمہ: لہذا یہ لوگ جو کچھ کہتے ہیں اس پر صبر کریں۔ [32]

۳۔ «جہاد تبیین» بشارت دینے والا اور انذار کنندہ ہونا چاہیے، اگر صرف بشارت دہندہ ہو تو غرور آور ہے اور اگر صرف انذار کنندہ ہو تو نامید کرنے والا ہوگا اس لیے ہر دو خصوصیات کا حامل ہونا ضروری ہے۔ کیونکہ اللہ تعالی نے اپنے نبیوں کو بھی بشیر اور نذیر متعارف کروایا ہے:

«یا أَیُّهَا النَّبِیُّ إِنَّا أَرْسَلْناکَ شاهِداً وَ مُبَشِّراً وَ نَذیراً».

ترجمہ:  اے نبی! ہم نے آپ کو گواہ اور بشارت دینے والا اور تنبیہ کرنے والا بنا کر بھیجا ہے۔ [33]

۴۔ «جہاد تبیین» کے ذریعے بہترین اور معتبر اسوہ کو متعارف کروایا جاۓ۔ بہترین اسوہ حسنہ رسول اللہﷺ اور صدر اسلام کے مومنین ہیں۔ جنہوں نے شعب ابی طالب میں اقتصادی اور جنگی محاصرے کے باوجود رسو ل اللہ ﷺ کا ساتھ نہ چھوڑا۔قرآن کریم نے ان افراد کے بارے میں فرمایا:

«لَقَدْ کانَ لَکُمْ فی رَسُولِ اللهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ».

ترجمہ: بتحقیق تمہارے لیے اللہ کے رسول میں بہترین نمونہ ہے۔ [34]

۵۔ «جہاد تبیین» حکیمانہ طرز اور برہانی و استدلالی ہو۔ ارشاد ہوتا ہے:

«ادْعُ إِلى سَبیلِ رَبِّکَ بِالْحِکْمَةِ وَ الْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ وَ جادِلْهُمْ بِالَّتی هِیَ أَحْسَنُ».

ترجمہ: (اے رسول) حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ اپنے رب کی راہ کی طرف دعوت دیں اور ان سے بہتر انداز میں بحث کریں۔ [35]

۶۔ «جہاد تبیین» کو ثبات قدم کے ہمراہ ہونا چاہیے۔ کیونکہ جہاد تبیین اور جنگی جہاد تقریبا ایک جیسے ہیں۔ ہر دو میدان میں مجاہد کا دشمنوں کی صف آرائی کے مقابلے میں ثابت قدم اور استوار ہونا ضروری ہے۔

«یا أَیُّهَا الَّذینَ آمَنُوا إِذا لَقیتُمْ فِئَةً فَاثْبُتُوا».

ترجمہ: اے ایمان والو! جب کسی جماعت سے تمہارا مقابلہ ہو جائے تو ثابت قدم رہو۔ [36]

سورہ احزاب میں بیان ہوا:

«وَ لَمَّا رَأَ الْمُؤْمِنُونَ الْأَحْزابَ قالُوا هذا ما وَعَدَنَا اللهُ وَ رَسُولُهُ وَ صَدَقَ اللهُ وَ رَسُولُهُ وَ ما زادَهُمْ إِلاَّ إیماناً وَ تَسْلیماً».

ترجمہ: اور جب مومنوں نے لشکر دیکھے تو کہنے لگے: یہ وہی ہے جس کا اللہ اور اس کے رسول نے ہم سے وعدہ کیا تھا اور اللہ اور اس کے رسول نے سچ کہا تھا اور اس واقعے نے ان کے ایمان اور تسلیم میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ [37]

۷۔ «جہاد تبیین» کو مجاہدانہ ہونا چاہیے اس سے صرف دین خدا کی نصرت مقصود ہونی چاہیے۔ سورہ محمد مین ارشاد باری تعالی ہوتا ہے:

«یا أَیُّهَا الَّذینَ آمَنُوا إِنْ تَنْصُرُوا اللهَ یَنْصُرْکُمْ وَ یُثَبِّتْ أَقْدامَکُمْ».

ترجمہ: اے ایمان والو! اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو وہ بھی تمہاری مدد کرے گا اور تمہیں ثابت قدم رکھے گا۔ [38]

جس طرح جنگی جہاد میں شخصیات کے قتل ہونے کا خوف ہوتا ہے، «جہاد تبیین» کے میدان میں بھی دشمن کی کوشش ہوتی ہے کہ افراد کی شخصیت کشی کریں اور ان کو «جہاد تبیین» کے میدان سے نکال باہر کریں۔

۸۔ «جہاد تبیین» روشن گر اور ہدایت کنندہ ہونا چاہیے۔ اگر جہاد تبیین سے مطالب روشن اور واضح نہ ہوں، امت کو ہدایت حاصل نہ ہویہ جہاد تبیین نہیں ہے۔ لیکن اگر جہاد تبیین روشن گر اور ہدایت کنندہ ہو تو اسلامی معاشرہ بحرانی مواقع میں صحیح انتخاب کرنے کی توانائی حاصل کر سکے گا۔

سورہ انسان میں وارد ہوا ہے:

«إِنَّا هَدَیْناهُ السَّبیلَ إِمَّا شاکِراً وَ إِمَّا کَفُوراً».

ترجمہ: ہم نے اسے راستے کی ہدایت کر دی خواہ شکر گزار بنے اور خواہ ناشکرا۔[39]

جہادِ تبیین کے اہداف

۱۔ اسلامی معاشرے کے لوگوں کی دنیاوی اور اخروی سعادت کی طرف رہنمائی کرنا۔

۲۔ معاشرے کی کمزوریوں اور خوبیوں کا بیان، اور تقویتی نقاط کو مضبوط کرنے اور کمزوریوں سے نجات کے لیے حل فراہم کرنا۔

۳۔ ملکی حکام کی پوزیشن کو اسلام اور عوام کے تئیں ان کے فرائض اور ذمہ داریوں کی وضاحت کرکے مضبوط کرنا۔

۴۔ معاشرے کے لوگوں کو اسلامی حکومت کے لیے ذمہ دار بنانا، اس کے فروغ میں ان کے مقام اور کردار کی وضاحت کرنا۔

۵۔ دشمنوں کی کمزوریوں اور تقویتی نقاط کی وضاحت کرنا اور ان سے ہوشیاری سے نمٹنے کے لیے مناسب حل فراہم کرنا۔

۶۔ شکوک و شبہات کا جواب دینا اور معاشرے کے دینی اور دنیوی مفاد کا دفاع۔

۷۔ معاشرے کے اراکین کو موجودہ مسائل کے سامنے صبر کرنے کی دعوت دینا اور انہیں روشن مستقبل کی امید دینا۔

۸۔ حکام اور لوگوں کو اسراف اور اشرافی گری سے پرہیز پر آمادہ کرنا۔

۹۔ معاشرے کے افراد کےاعتقادات کو خداشناسی اور معاد شناسی کی بنا پر تقویت بخشنا۔

نتیجہ

«جہاد تبیین» کا «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے۔ «جہاد تبیین» کی مشروعیت کو «امر بالمعروف اور نہی عن المنکر» کے متعلق نازل ہونے والی آیات، اور رسول اللہ ﷺ کی احادیث معتبرہ و امیرالمومنینؑ کی وصیت سے ثابت کیا جا سکتا ہے۔ «جہاد تبیین» کی خصوصیات اور اہداف بھی واضح ہیں: مثلا «جہاد تبیین» کا عالمانہ ہونا، صبورانہ، تبشیر و انذار کے ہمراہ ہونا، حکیمانہ و استدلالی ہونا، و ہمراہ با اسوہ حسنہ۔ «جہاد تبیین» کے اہم ترین اہداف معاشرے کے افراد کے سوالات اور شبہات کا جواب، ان کی ہدایت کرنا، حکام مملکت کو مسؤول بنانا، معاشرے میں امید پیدا کرنا، اور خدا شناسی و معاد شناسی کے عقیدے کو سب نظریات کی زیر بنا قرار دینا ہے۔

منابع:

 

↑1 مائدہ: ۳۵۔
↑2 حج: ۷۷تا۷۸۔
↑3 نساء: ۹۵۔
↑4 آفیشل ویب سائٹ رہبر معظم۔
↑5 جوہری، ابو نصر، الصحاح-تاج اللغة و صحاح العربیة، ج‌۲، ص۴۶۱۔
↑6 راغب اصفہانی، حسین بن محمد المفردات فی غریب القرآن، ص۲۰۸۔
↑7 جوہری، ابو نصر، الصحاح-تاج اللغة و صحاح العربیة، ج‌۵، ص۲۰۸۳۔
↑8 الزبیدی، مرتضی، تاج العروس من جواہر القاموس، ج۱۸، ص۸۲۔
↑9, ↑33 احزاب: ۴۵۔
10, ↑15 آل عمران: ۱۰۴۔
11, ↑17 حج: ۴۱۔
↑12 مائدہ: ۱۱۔
↑13 عصر: ۱تا۳۔
↑14 مجلسی، محمد باقر، بحارالانوار، ج۱۰۰، ص۴۹۔
↑16 آل عمران: ۱۱۰۔
↑18 پایندہ، ابوالقاسم، نہج الفصاحہ، ج۱، ص۴۲۹۔
↑19 سجستانی، ابو داؤود، سنن ابی داؤود، ج۴، ص۱۵۹۔
↑20 حاکم نیشاپوری، ابو عبداللہ، المستدرک علی الصحیحین، ج۲، ص۹۱۔
↑21 نسائی، احمد بن علی، السنن الکبری، ج۴، ص۲۶۹۔
↑22 بیہقی، ابوبکر، السنن الصغیر، ج۳، ص۳۵۹۔
↑23, ↑28 احمد بن حنبل، مسند احمد مخرجا، ج۱۹، ص۲۷۲۔
↑24, ↑27 البانی، محمد ناصرالدین، صحیح الجامع الصغیر وزیادتہ، ج۱، ص۵۹۳۔
↑25 مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۶۵، ص۳۷۰۔
↑26 راغب اصفہانی، حسین بن محمد، المفردات فی غریب القرآن، ج۱، ص۲۰۸۔
↑29 سید رضی، محمد بن حسین، نہج البلاغہ، مکتوب۴۷۔
↑30 بقرہ: ۱۸۱۔
↑31 اسراء: ۳۶۔
↑32 طہ: ۱۳۰۔
↑34 احزاب: ۴۵۔
↑35 نحل: ۱۲۵۔
↑36 انفال: ۴۵۔
↑37 احزاب: ۲۲۔
↑38 محمد: ۷۔
↑39 انسان: ۳۔
موافقین ۰ مخالفین ۰ 22/03/28
عون نقوی

نظرات  (۰)

هیچ نظری هنوز ثبت نشده است

ارسال نظر

ارسال نظر آزاد است، اما اگر قبلا در بیان ثبت نام کرده اید می توانید ابتدا وارد شوید.
شما میتوانید از این تگهای html استفاده کنید:
<b> یا <strong>، <em> یا <i>، <u>، <strike> یا <s>، <sup>، <sub>، <blockquote>، <code>، <pre>، <hr>، <br>، <p>، <a href="" title="">، <span style="">، <div align="">
تجدید کد امنیتی