بصیرت اخبار

۲ مطلب با کلمه‌ی کلیدی «سیاسی افکار» ثبت شده است

سیاسی افکار

افلاطون کی نظر میں انواع حکومت

تحریر: عون نقوی 

 

یونانی فلاسفہ کے نظریات ہر دور میں توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ سیاسی مفکرین آج بھی ان کے نظریات سے خود کو بے نیاز نہیں سمجھتے۔ افلاطون ان افراد میں سے ہے ہیں جن سے اسلامی فلاسفہ بھی متاثر ہوۓ بغیر نہیں رہ سکے۔ حکومت کے بارے میں افلاطون کا نظریہ کیا تھا اور انہوں نے حکومت کی کتنی انواع بیان کی ہیں اس تحریر میں اختصار کے ساتھ پیش کیا جاۓ گا۔

افلاطون کی نظر میں حکومت

افلاطون کی نظر میں اچھے حاکم کا معیار فلسفہ و ہنر سیاست کی تعلیم ہے۔ اگر کوئی حکمران فیلسوف نہیں ہے اور سیاست کے ہنر کو نہیں جانتا اسے حکومت نہیں کرنی چاہیے۔ افلاطون کی نظر میں حکمران کو فیلسوف ہونا چاہیے۔ فیلسوف وہ شخص ہے جو صاحب حکمت و تدبیر ،اخلاقی طور پر شجاع ہےاور عدل و انصاف سے امور کی دیکھ بھال کرتا ہے اس لیے تمام طبقات کے حقوق کا خیال رکھتا ہے۔[1]

 انواع حکومت

افلاطون نے حکومت کی چھ قسمیں بیان کی ہیں:

۱۔حکومت مونارشی:  جس میں ایک فرد حاکم ہے اور وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی کرتا ہے۔
۲۔ حکومت استبدادی: جس میں ایک فرد حاکم ہے لیکن وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی نہیں کرتا بلکہ اپنی نظر کو مسلط کرتا ہے۔
پہلی دو قسموں میں ایک فرد کی حکومت ہے۔

۳۔ حکومت اریستوکریسی: جس میں ایک گروہ مشترک طور پر حاکم ہے اور وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی کرتے ہیں۔
۴۔ حکومت الیگارشی: جس میں ایک گروہ کی حکومت ہے اور وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی نہیں کرتے۔
ان دو قسموں میں ایک گروہ کی حکومت ہے۔

۵۔ اچھی ڈیموکریسی: جس میں حکومت عام عوام کے ہاتھوں میں ہے اور وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی کرتے ہیں۔
۶۔ بری ڈیموکریسی: جس میں حکومت عام عوام کے ہاتھوں میں ہے اور وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی نہیں کرتے۔
آخری دو قسموں میں جمہوریت ہے جس میں عوام الناس شامل ہے۔

 مطلوب ترین حکومت

افلاطون کی نظر میں مطلوب ترین حکومت مونارشی ہے۔ اگر کسی معاشرے میں مونارشی قائم ہو جاۓوہ مدینہ فاضلہ کا مصداق بن جاۓ گا۔ لیکن اگر مونارشی قائم نہیں ہو سکتی تو کم از کم اریستوکریسی قائم ہونی چاہیے۔ بے شک اقتدار چند افراد میں تقسیم ہو جاۓ لیکن وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی کریں۔ اگر اریستوکریسی بھی قائم نہیں ہو سکتی تو پھر اچھی ڈیموکریسی قائم کریں۔ واضح رہے کہ اچھی ڈیموکریسی اگر قائم ہو جاۓ تو تب بھی اس کا درجہ مطلوب حکومتوں میں تیسرے نمبر پر آتا ہے۔

نامطلوب ترین حکومت

اس کے برعکس سب سے بد ترین حکومت استبدادی حکومت ہے جس میں صرف ایک شخص حاکم ہے اور وہ فیلسوف کے قانون کی پیروی بھی نہیں کرتا۔ نامطلوب حکومتوں میں دوسرا نمبر الیگارشی کا ہے جس میں ایک گروہ پوری مملکت پر مسلط ہو جاتا ہے اور کسی اقدار و قانون کی پیروی نہیں کرتا۔ اورتیسرا نمبر بری ڈیموکریسی کا ہےجس میں حکومت ایک شخص یا کسی گروہ کے قبضہ میں نہیں ہے۔ یہ طرز حکومت الیگارشی اور استبدادی سے پھر بھی بہتر ہے۔ کیونکہ اس حکومت میں کم از کم اقتدار کو تقسیم کردیا گیا ہے اگر یہی قدرت ایک گروہ یا خدانخواستہ ایک شخص کے ہاتھ لگ جاۓ بدترین نوع حکومت وجود میں آتی ہے۔[2]

منابع:

1 افلاطون، دوره آثار افلاطون، ج۲، ص۱۰۱۶، ترجمہ محمدحسن لطفی و رضا کاویانی۔
2 قربانی، مہدی، تاریخ اندیشہ سیاسی غرب، ص۵۵۔
۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 13 February 23 ، 19:01
عون نقوی

سیاسی افکار

ارسطو کی نظر میں انواع حکومت

تحریر: عون نقوی 

 

ارسطو ۳۸۴سال قبل از مسیح یونان کے شہر استاگیرا میں پیدا ہوۓ۔ سترہ سال کی عمر میں افلاطون کی اکیڈمی میں داخل ہوۓ۔ ارسطو کے فلسفہ سیاسی میں افلاطون کے نظریات کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ارسطو نے متعدد کتابیں لکھی ہیں جن میں اخلاق نیکوماخوس (Nicomachean Ethics)، سیاست اور کتاب اصول حکومت آتن فلسفہ سیاسی ارسطو سے مربوط ہیں۔

ارسطو کی نظر میں سیاست

ارسطو کی نظر میں سیاست کی غایت خیر اعلی ہے۔ خیر کی دو اقسام ہیں:
۱۔ خیر براے غیر: یہ خیر خود مطلوب نہیں ہوتا بلکہ اسے کسی اور خیر کے لیے چاہا جاتا ہے۔
۲۔ خیر براۓ خود: یہ خیر کسی اور خیر کے لیے نہیں بلکہ خود مطلوب ہوتا ہے۔ بلکہ اور خیر بھی اس خیر تک پہنچنے کے لیے انجام دیے جاتے ہیں۔ اسے خیر اعلی بھی کہتے ہیں۔ سیاست کی غایت و ہدف یہی خیر اعلی ہے۔ سیاست تعیین کرتی ہے کہ معاشرے میں کونسے علوم اور ہنر ہوں۔ کس طبقے کو کس حد تک علوم و ہنر سیکھنے چاہئیں یہ بھی سیاست تعیین کرتی ہے۔ اسی طرح سے مملکت کا نظام، دفاع، اقتصاد اور فنون دیگر سب سیاست کے تابع ہیں۔ سیاست اہم ترین و بہترین علم ہے جس کا موضوع خیر اعلی بہترین موضوعات میں سے ہے۔

انواع حکومت

ارسطو نے حکومت کی چھ قسمیں بیان کی ہیں:

۱۔حکومت مونارشی:  جس میں ایک فرد حاکم ہے اور وہ منفعت عمومی کے لیے کوشاں ہے۔
۲۔ حکومت استبدادی: جس میں ایک فرد حاکم ہے لیکن اسے صرف ذاتی منفعت چاہیے۔
پہلی دو قسموں میں ایک فرد کی حکومت ہے۔

۳۔ حکومت اریستوکریسی: جس میں ایک قلیل  گروہ مشترک طور پر حاکم ہے اور وہ منفعت عمومی کے لیے کوشاں ہیں۔
۴۔ حکومت الیگارشی: جس میں ایک گروہ کی حکومت ہے اور وہ صرف اپنی ذاتیات کی منفعت کے لیے کوشاں ہیں۔
ان دو قسموں میں اقلیت کی حکومت ہے۔

۵۔ جمہوری یا پولیٹی: جس میں حکومت اکثریت عوام کے ہاتھوں میں ہے اور وہ سب عوام کے منافع کے لیے کوشاں ہیں ۔
۶۔ ڈیموکریسی: جس میں حکومت اکثریت عوام کے ہاتھوں میں ہے اور صرف اکثریت کے منفعت کے خواہاں ہیں۔
آخری دو قسموں میں جمہوریت ہے جس میں عوام الناس شامل ہے۔ جمہوری اور ڈیموکریسی کی حکومت میں فرق یہ ہے  کہ جمہوری حکومت میں اگرچہ اکثریت کی حکومت ہے لیکن وہ اکثریت ملک کی تمام اقلیتوں کا بھی خیال رکھتی ہے اور اس طرز حکومت میں تمام افراد برابر ہیں چاہے وہ اکثریت میں شامل ہوتے ہیں یا اقلیت میں۔ اس کے برعکس جمہوری حکومت صرف اکثریت کے منافع کو دیکھتی ہے اوراقلیت کو نظر انداز کرتی ہے۔[1]


منابع:

1 قربانی، مہدی، تاریخ اندیشہ سیاسی غرب، ص۶۳۔
۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 13 February 23 ، 18:58
عون نقوی